نئی دہلی5جون(آئی این ایس انڈیا)سینئر کانگریسی لیڈر جے رام رمیش نے آج کہا کہ راہل گاندھی کانگریس صدرہیں لیکن انہیں حقیقی صدربنناچاہئے اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف اقتدار مخالف لہر بننے کا انتظار کئے بغیرپارٹی کو سیاسی جنگ کیلئے تیار کرنا چاہئے۔رمیش نے یہ بھی کہاکہ وقت کا تقاضہ ہے کہ بدلتے ہندوستان کے حساب سے کانگریس بھی بدلے کیونکہ ہماری رابطہ کی حکمت عملی بہت مؤثرنہیں ہے اورمسلسل انتخابی شکست کی پس منظر میں ہمیں سماج کے مختلف حصوں تک جارحانہ پہنچ بنانے کی ضرورت ہے۔سابق مرکزی وزیر نے’’کانگریس مکت بھارت‘‘کے مودی کے مسلسل نعروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ چیلنجزبہت ہی بھاری ہیں، لیکن مایوسی کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔جو کانگریس کو مسترد کر رہے ہیں وہ وقت سے پہلے مرثیہ پڑھ رہے ہیں۔راہل گاندھی کی قیادت سونپنے کی سختی سے وکالت کرتے ہوئے رمیش نے کہا کہ تذبذب میں رہنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ ابھی کانگریس جن چیلنجوں کا سامنا کر رہی ہے، یہ وقت اس جیساہی ہے جب مارچ 1988میں سونیا گاندھی نے پارٹی کی کمان سنبھالی تھی۔رمیش نے کہا کہ کانگریس نائب صدر کے پاس پارٹی کی تنظیم نو کے لئے ڈھیر سارے خیالات ہیں اور مجھے امید ہے کہ وہ بہت جلد(پارٹی صدر کی)یہ جگہ تلاش کرلیں گے۔وہ حقیقت میں ہیں، لیکن انہیں حقیقی بننا چاہئے۔